راشد منہاس روڈ حادثہ،ڈمپر ڈرائیور کے ریمانڈ میں توسیع

راشد منہاس روڈ حادثہ،ڈمپر ڈرائیور کے ریمانڈ میں توسیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے گرفتار ڈمپر ڈرائیور فردوس کو عدالت میں پیش کیا۔

 عدالت نے تفتیشی حکام کی استدعا پر ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی جانب سے ایک اور ڈرائیونگ لائسنس پیش کیا گیا ہے جو ایچ ٹی وی کی کیٹیگری کا ہے تاہم یہ لائسنس خیبر پختونخوا کا جاری کردہ ہے ۔ لائسنس کی تصدیق کے لیے کے پی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کو خط ارسال کر دیا گیا ہے ۔ تفتیشی افسر کے مطابق واقعے کے مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ بھی شامل کرلی گئی ہے ۔ تفتیشی افسر کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل عوام نے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ علاوہ ازیں انسدادِ دہشت گردی منتظم عدالت میں ڈمپر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ یوسف پلازہ پولیس نے گرفتار پانچ ملزمان عمر ایوب، مراد، ولید، ضامن اور وسیم کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 20 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں