زندہ قوموں کیلئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے ،شیخ الجامعہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا ہے کہ زندہ قوموں کیلئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے۔۔۔
اور وہ رسماً یہ دن نہیں مناتے بلکہ خدائے بزرگ و برتر کے حضورسجدہ تشکراداکرکے مناتے ہیں،یہ دن ہمیں اُن بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے دیں،ہم سب کا پاکستان صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عہد ہے ، اگر ہم واقعی پاکستان کو ترقی یافتہ، خودمختار اور پرامن دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں ہر سطح پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں اور دنیا انہیں یاد رکھتی ہے جو مشکلات اور کھٹن حالات سے بھاگنے کے بجائے اس مقابلہ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بھرپور عزم کے ساتھ ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا ۔تقریب کے اختتام پر مختلف ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں جامعہ کراچی کی نمائندگی اورنمایاں کارکردگی دکھانے والے 350 طلباوطالبات میں میڈلز اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے ۔