پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا ،حقیقی آزادی ابھی باقی،منعم ظفر
کراچی (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی ۔۔۔
قربانیوں اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل ہوا، مگر قائداعظم کی وفات کے بعد ملک ظلم و استحصال کے نظام میں پھنس گیا۔ گورے انگریزوں کے جانے کے بعد ملک کالے انگریزوں کے ہاتھ میں آگیا۔ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد عوامی جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔وہ نیو ایم اے جناح روڈ پر 78ویں یوم آزادی کی پرچم کشائی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں نائب امراء برجیس احمد، مسلم پرویز، راجہ عارف سلطان، ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی، چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع سمیت خواتین و بچے بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر پاکستان کا پرچم لہرایا گیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی تقسیم کیے گئے ۔ بعد ازاں انہوں نے ٹاؤن چیئرمین جناح رضوان عبد السمیع اور یوسی چیئرمین جنید مکاتی کے ہمراہ یوسی 8 میں امیر خسرو ماڈل روڈ کے دوسرے حصے کا افتتاح کیا۔ ڈیڑھ کلو میٹر طویل پیور بلاک سے تعمیر شدہ روڈ پر عوام نے جماعت اسلامی نمائندوں کی کارکردگی کو سراہا۔ منعم ظفر نے کہا کہ کراچی پانی کے شدید بحران کا شکار ہے ، حب کینال 2 کا جلدبازی میں افتتاح نااہلی و کرپشن کی نشانی ہے ، آدھا شہر پانی سے محروم ہے ۔ جنید مکاتی نے الزام لگایا کہ ان کے حلقے کا پانی چنیسر ٹاؤن میں منتقل کیا جا رہا ہے ۔