چہلم امام حسینؓ:11479افسران و جوان ڈیوٹی انجام دینگے

چہلم امام حسینؓ:11479افسران و جوان ڈیوٹی انجام دینگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر شہر قائد میں فول پروف سیکیورٹی کے۔۔۔۔

 سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔ چہلم کے دوران 642 امام بارگاہوں پر 1113، 501 مجالس پر 2901 اور 108 جلوسوں پر 7465 پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ مجموعی طور پر شہر بھر میں 11 ہزار 479افسران و اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے ۔ کراچی کے مرکزی جلوس کے روٹس سے ملنے والی سڑکیں مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی اور نشتر پارک کے اطراف میں بھی غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے ۔اس موقع پر تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود رہتے ہوئے پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کو مزید سخت کریں اور شہریوں کی رہنمائی اور حفاظت کو یقینی بنائیں۔ حساس تنصیبات، عوامی مقامات اور اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سرچنگ کو مربوط کیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے تمام اہم مقامات کی سوئپنگ اور کلیئرنس کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ایڈوانس انٹیلی جنس کلیکشن اور شیئرنگ کو تھانہ سطح پر مزید مضبوط کیا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات پر کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ برداشت ہوگی اور تمام افسران کو اپنے فرائض انتہائی ایمانداری اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دینے ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں