کریم آباد انڈر پاس،کورنگی کازوے برج جلد مکمل ہونگے ،میئر

  کریم آباد انڈر پاس،کورنگی کازوے برج جلد مکمل ہونگے ،میئر

کراچی(اسٹاف رپورٹر،آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔۔۔

اس موقع پر شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ 30 ستمبر کو کریم آباد انڈرپاس، 15 نومبر کو کورنگی کازوے برج اور 31 دسمبر کو شاہراہ بھٹو کا کاٹھور تک افتتاح کیا جائے گا۔ گٹر باغیچہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی جلد فعال ہوگا، جہاں سے شہر کی صنعتوں کو پانی فراہم کیا جائے گا۔میئر کراچی نے کہا کہ صنعتوں کا چلنا کراچی کے معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے نئی حب کینال، شاہراہ بھٹو اور ٹی پی ون سمیت متعدد منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نیت کام کرنے کی ہے اور ہمارا وژن واضح ہے ۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹری سہیل افضل، جوائنٹ سیکریٹری مدثر احمد، سینئر صحافی اور قومی کرکٹر سرفراز احمد سمیت معزز شخصیات شریک تھیں۔علاوہ ازیں جاری بیان میں میئر میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مودی کا گھمنڈ پاکستانی افواج نے خاک میں ملا دیا۔ بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں آزاد ریاست ملی اور ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ آزادی صرف 14 اگست کو نہیں بلکہ سال کے 365 دن منائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کا سیسہ پلائی دیوار کی طرح دفاع کریں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں