واٹر کارپوریشن میں رین ایمرجنسی نافذ ،چھٹیوں پرپابندی

واٹر کارپوریشن میں رین ایمرجنسی نافذ ،چھٹیوں پرپابندی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بارش کی پیش گوئی کے بعد واٹر کارپوریشن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ملازمین کو ہر حال میں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔۔۔

 ترجمان واٹر کارپوریشن عبد القادر شیخ کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے متوقع موسلادھار بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر عملے کی چھٹیوں پر مکمل پابندی عائد کردی، یہ فیصلہ شہر میں بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور عوام کو کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ڈیوٹی اسٹیشنز پر موجود رہیں اور بارش یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر اپنی خدمات فراہم کریں۔ مزید برآں، اعلامیے میں تمام محکموں کے سربراہان کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی حاضری اور کارکردگی پر سخت نگرانی رکھیں اور ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسے انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ادارہ شہریوں کی سہولت اور خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور بارشوں کے دوران بھی فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو مؤثر انداز میں برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں