کراچی کو موثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کی ضرورت ہے ،عتیق الرحمان
کراچی(بزنس رپورٹر)شہر قائد میں مون سون بارشوں سے تجارتی سرگرمیاں معطل اور صنعتوں کو اربوں روپے ہونے والے خسارے سے متعلق ماہر معیشت عتیق الرحمان نے دنیا نیوز کو بتایا کہ طوفانی بارشوں نے کراچی کو مکمل مفلوج کردیا۔
معاشی ماہر کا کہنا تھا کہ کراچی کو فوری طور پر مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اور جدید ریسکیو اداروں کی اشد ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے حالات سے نمٹا جاسکے اور آنے والا مون سون اسپیل تجارتی سرگرمیوں پر اثر انداز نہ ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے بیشتر علاقے زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی تاحال تقریباً کئی گھنٹوں سے معطل ہے ۔ سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، سیوریج کا گندا پانی برساتی پانی میں شامل ہو کر شہریوں کے لیے وبائی خطرات پیدا کر رہا ہے ۔