ڈاکٹر ضیاالدین روڈ پر دھنسنے والی نکاسی آب کی لائن کی مرمت شروع

ڈاکٹر ضیاالدین روڈ پر دھنسنے والی نکاسی آب کی لائن کی مرمت شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ضیا الدین روڈ پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 66 انچ ڈایا سیوریج لائن دھنس گئی، جس کے باعث نکاسی آب کے نظام میں مشکلات پیش آئیں۔

 سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ لائن کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا۔ اس سلسلے میں چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو کا کہنا تھا کہ متاثرہ لائن 20 فٹ گہری اور 66 انچ ڈایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرمتی کام انتہائی پیچیدہ نوعیت کا ہے کیونکہ دھنسنے والے حصے کے متاثرہ پائپس کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ لائن کی مرمت میں تقریباً 4 دن لگ سکتے ہیں۔ اس دوران اُردو بازار، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، بولٹن مارکیٹ، سٹی کورٹ، سول اسپتال اور حقانی چوک کے علاقوں میں سیوریج نظام متاثر رہنے کا امکان ہے ۔ مزید یہ کہ مرمت کے دوران اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے ، اس لیے شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ متبادل راستے استعمال کریں اور ادارے سے تعاون جاری رکھیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں