صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کا شاہ بندر کے قریب بند کا ہنگامی دورہ

 صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کا شاہ بندر کے قریب بند کا ہنگامی دورہ

سکھر ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے شاہ بندر کے قریب کوکا بند کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کی صورتحال کا معائنہ کرکے افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔

علی ملکانی نے حفاظتی بندوں کی نگرانی اور مشینری ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ادھر صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو کی زیر صدارت سکھر بیراج پر اہم اجلاس ہوا، جس میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران چینی انجینئرز اور محکمہ آبپاشی افسران نے بیراج کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی جب کہ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بندوں کی 24 گھنٹے نگرانی، عملہ اور مشینری ہر وقت تیار رہے ۔انہوں نے کہاکہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ْ۔ مزید برآں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ، سکھر و گڈو بیراج پر سیلابی صورتحال ہے اور بارشوں اور پنجاب کے دریاؤں سے پانی آنے کے باعث سندھ میں خطرہ بڑھ گیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیاجس کے پیش نظر سندھ حکومت نے بیراجوں اور بندوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فلڈ ٹیم تشکیل دی ہے ۔ علاوہ ازیں ریسکیو 1122 کا سکھر میں فلڈ آپریشن جاری ہے ،اسی دوران متاثرہ خاندان محفوظ مقام پر منتقل کردیے گئے ، 9 افراد، مویشی اور سامان سمیت بحفاظت نکالا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں