فیصل آباد ڈویژن میں گندم خریداری مراکز پر بار دانہ کی رجسٹریشن شروع

فیصل  آباد ڈویژن میں  گندم خریداری مراکز پر بار دانہ کی رجسٹریشن  شروع

کاشتکارشناختی کارڈ،بینک اکاؤنٹ اور موبائل نمبرکے ہمراہ خریداری مرکزپررجسٹریشن کرائیں، گندم کٹائی بروقت مکمل کریں،فصل کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں:ڈائریکٹر زراعت خالد محمود

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈویژن فیصل آبادکے چاروں اضلاع میں گندم خریداری مراکز پر باردانہ کی رجسٹریشن شروع ہو گئی۔ڈائریکٹر زراعت (توسیع)چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ کاشتکار اپنا قومی شناختی کارڈ،بینک اکاؤنٹ نمبراور موبائل نمبرکے ہمراہ خریداری مرکز پر جاکر رجسٹریشن کرائیں۔ سنٹرز پر کاشتکاروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں ڈائریکٹر زراعت چوہدری  خالد محمود نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ گندم کی کٹائی بروقت مکمل کریں اور فصل کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں کیونکہ یہ قانوناً جرم اور زمین کی زرخیزی کو بھی نقصان پہنچاتا ہے ۔انہوں نے کہاباقیات کو تلف کرنے کے بجائے جدید زرعی مشینری جیسے ویٹ سٹرا چاپر استعمال کریں۔کٹائی کے بعد گندم کو اچھی طرح خشک کرکے صاف اور محفوظ جگہ پر ذخیرہ کریں تاکہ نمی، کیڑوں اور پھپھوندی سے بچاؤ ہو سکے ۔ اگر ممکن ہو تو ہرمیٹک بیگز یا بند گودام استعمال کریں۔ گندم کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کی ہدایات کے مطابق کریں اور گوداموں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے نا صرف اپنی فصل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے بلکہ بہتر پیداوار اور زیادہ منافع بھی حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں