سکھر بدامنی کی لپیٹ میں، شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ

سکھر بدامنی کی لپیٹ میں، شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ

منشیات، مضر صحت اشیا کی کھلے عام فروخت نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی پولیس کو شہریوں کی کوئی فکر نہیں، حکام صورتحال بہتر بنائیں، شریف بندھانی ودیگر

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں بڑھتی بدامنی، ڈکیتیوں اور سماجی برائیوں کے خلاف سکھر شہرکے شہری و سماجی حلقوں کا احتجاج،حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے صدر حاجی محمد شریف بندھانی ، سیکریٹری جنرل تاج محمد راجپوت و دیگر نے شہر میں بڑھتی وارداتوں، منشیات فروشی، شراب کے کھلے عام استعمال اور دیگر سماجی برائیوں پر کہا کہ سکھر شہر بدامنی کی بری طرح لپیٹ میں آ چکا ہے ، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں، ڈاکو دن دیہاڑے وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہو جاتے ہیں جو پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ان کا کہنا تھا شہر میں منشیات، شراب اور مضر صحت اشیائکی کھلے عام فروخت نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے ،جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔پولیس کی نااہلی کے باعث ضلع میں امن و امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے ، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امن کا گہوارہ شہر بدامنی کی بری طرح لپٹ میں آگیا ہے ،آئے روز چوری ڈکیتی اور رہزنی سمیت اغوا کی وارداتوں سے شہری خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں ، ہمیں ایسا لگتا ہے سکھر پولیس سیاسی ہوگئی ہے اور اسے شہریوں کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے بالاحکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں