ٹائر جلانے ، پائرولائسز پلانٹس پر مکمل پابندی کا نوٹیفکیشن

ٹائر جلانے ، پائرولائسز پلانٹس پر مکمل پابندی کا نوٹیفکیشن

خلاف ورزی پر پلانٹس کی ضبطی اوربھاری جرمانے عائد ہو ں گے ، زبیر چنہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹائر جلانے اور پائرو لائسز پلانٹس کے قیام و عمل درآمد پر مکمل پابندی عائد کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر ماحولیات دوست محمد راہموں نے واضح کیا کہ 6 اکتوبر کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس پابندی کو منظور کیا گیا جس کے تحت سیپاکو صوبے میں قائم تمام ٹائر پائرو لائسز یونٹس کے این او سیز فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام آپریٹرز کو پابند بنایا گیا کہ وہ 30 روز کے اندر اپنی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر بند کریں، بصورت دیگر سندھ ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2014 اور سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سب اسٹینڈرڈ فیول/ٹائرز کے استعمال کی ممانعت)رولز 2025 کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔ سیکریٹری ماحولیات زبیر چنہ نے بتایا کہ پابندی کی خلاف ورزی پر پلانٹس کی ضبطی، بھاری جرمانے اور مستقل بندش جیسی سزائیں شامل ہوں گی ۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات دوست محمد راہموں نے فیصلے کو تاریخی اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی ایسی صنعتی سرگرمی کی اجازت نہیں دے سکتی جو شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں