9روز میں 37ہزار ای چالان ،مالیت 8کروڑ سے زائد
سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر23ہزار ،ہیلمٹ نہ پہننے پر7ہزار سے زائد چالان ہوئے
کراچی (رپورٹ:سالک شاہ )شہر قائد میں ای چالان کے نفاذ نے شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ توڑ دیے ۔9روز میں 37 ہزار سے زائد ای چالان جاری ہو گئے ۔27 اکتوبر سے 5 نومبر تک مجموعی طور پر 37 ہزار 170 ای چالان جاری کیے گئے ۔اعداد و شمار کے مطابق 23 ہزار 393 ڈرائیورز کو سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر چالان کیا گیا جبکہ 7 ہزار 117 موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ اوور اسپیڈنگ کے 2 ہزار 102 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے 1 ہزار 100 ڈرائیورز کے خلاف بھی چالان درج کیا گیا۔1 ہزار 818 ڈرائیورز نے ریڈ سگنل توڑے جبکہ ٹنٹڈ گلاس رکھنے پر 433 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سیف سٹی کیمروں نے 2 ہزار 504 کیسز ریکارڈ کیے جبکہ آئی ٹی ایس کے ذریعے 25 ہزار 590 ای چالان جاری کیے گئے جاری ہونے والے ان چالان کی مالیت آٹھ کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔