ای چالان سسٹم ،ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں پر پابندی عائد
مقصد ٹریفک انتظامات میں استحکام اور ای چالان سسٹم کی موثر عملداری کو یقینی بنانا ہے ،آئی جی
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں پر پابندی عائد کردی، پابندی ان اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگی جن کے تبادلے کے احکامات پہلے جاری ہو چکے ہیں۔حکم نے کہا کہ کسی بھی اہلکار یا افسر کو ٹریفک پولیس سے ضلعی پولیس میں منتقل نہیں کیا جائے گا، یہ پابندی ان اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگی جن کے تبادلے کے احکامات پہلے جاری ہو چکے ہیں۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک انتظامات میں استحکام اور ای-چالان سسٹم کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے ڈی آئی جی ٹریفک نے انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد سے ٹریفک اہلکار تبادلے کرانے لگ گئے ہیں اور کام نہ کرنے والے اہلکار ٹریفک پولیس سے ضلعی پولیس میں تبادلے کرا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چالان کرنے والے 800 افسران کو ریگولیشن کا حصہ بنا دیا گیا ہے ، ٹریفک پولیس کے افسر چالان کے نام پہ اچانک حملہ کرتے تھے ، انھیں یہ تعلیم نہیں تھی لوگ اس سے تنگ تھے ، اب فورس میں وہی رہے گا جو ایمان داری اور حق حلال کے ساتھ کام کرے گا۔