جھڈو:بینظیر سپورٹ پروگرام سینٹر کی بندش سے مستحقین پریشان

جھڈو:بینظیر سپورٹ پروگرام سینٹر کی بندش سے مستحقین پریشان

رقوم کٹوتی کی شکایت پرایف آئی اے نے ڈیوائس ہولڈر گرفتار، سینٹر بند کئے تھےمستحق خواتین نوکوٹ اور ڈگری جانے پر مجبور، حکام سے مراکز کھلوانے کی اپیل

جھڈو(نمائندہ دنیا)جھڈو میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مراکز کی بندش نے مستحقین کو پریشان کردیا، خواتین رقم کے حصول کے لئے ڈگری اور نوکوٹ جانے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جھڈو میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بند ہونے سے سینکڑوں مستحق غریب خواتین حکومت کی جانب سے ملنے والی امدادی رقوم سے محروم ہیں، جس کے سبب ان خواتین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، چند ہفتے قبل ایف آئی اے میرپورخاص کی ٹیم نے جھڈو میں انکم سپورٹ پروگرام کے سینٹر پر مستحقین کی رقوم سے کٹوتی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے درجن سے زائد ڈیوائس ہولڈرز اور ان کے ایجنٹوں کو گرفتار کرکے سینٹر پر چلنے والی نو ڈیوائسیں اور ڈیوائس ہولڈرز کے پاس موجود لاکھوں روپے ضبط کرلیے تھے ، جس کے بعد جھڈو میں کفالت سینٹر بند کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق سینکڑوں خواتین شدید پریشانی میں امدادی رقم کے حصول کے لیے کبھی نوکوٹ کبھی ڈگری میں قائم انکم سپورٹ سینٹر پر دھکے کھانے پر مجبور ہیں، جہاں سے انہیں کئی بار ناکام لوٹنا پڑتا ہے ، امدادی رقم سے محروم متاثرہ خاندانوں کے افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جھڈو میں بند ہونے والے سینٹر جلد کھولے جائیں، تاکہ انکم سپورٹ پروگرام کی غریب خواتین کو بآسانی حکومتی امداد مل سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں