پسند کی شادی:لڑکی کے بیان پر شوہر کی گرفتاری کا حکم
سکندر نے مجھے اغوا کرکے جبری شادی کی، سانگھڑ کی رہائشی روزینہ کا بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے سانگھڑ کے رہائشی جوڑے کی جانب سے ایف آئی آر خارج کرنے اور تحفظ فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران لڑکی کے بیان کے بعد ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر مقدمے کی تفتیش مکمل کرکے چالان متعلقہ عدالت میں پیش کرے ۔ لڑکی روزینہ نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سکندر نے مجھے اغوا کرکے جبری شادی کی ہے ۔عدالتی حکم پر تفتیشی افسر نے لڑکی کا بیان ریکارڈ کرلیا۔ اس موقع پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم سکندر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ عدالت نے مزید ہدایت دی کہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد چالان متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھ سکے ۔ عدالت نے لڑکی روزینہ کو والدہ کے ہمراہ جانے کی اجازت دے دی ۔