وزیراعلیٰ کا ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ ،رفتار میں اضافے کے احکامات
کورنگی کازوے سے دورے کا آغاز،وزیربلدیات ناصر شاہ کو فوری طور پر عملہ اور آلات کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت زیر تعمیر کریم آباد انڈر پاس میں چوبیس گھنٹے کام کیا جائے ، کراچی پائیدار انفرااسٹرکچر کا حقدار ہے ،مراد علی شاہ کی گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انفرااسٹرکچر کے تین اہم منصوبوں کورنگی کاز وے ، شاہراہ بھٹو اور کریم آباد انڈر پاس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کام کے بہتر معیار اور رفتار میں اضافے کے واضح احکامات جاری کیے ۔وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سید ناصر شاہ کے ساتھ ساتھ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی تھے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پوری توجہ عوامی مسائل کے فوری حل اور تمام تر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ شہریوں کو بنا کسی تکلیف کے نقل و حرکت کی سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے دورے کا آغاز کورنگی کاز وے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا جہاں مون سون کے دوران سیلابی صورتحال اور بار بار کی بندش سے بچنے کے لیے اس کی نئے سرے سے تعمیر ، ایلیویشن اور پائیدار ی کا کام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو فوری طور پر عملہ اور آلات کی فراہمی کو بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے شاہراہ بھٹو پر 15 کلومیٹر طویل سیکشن I مرغی خانہ کے کام کا جائزہ لیا۔
وزیر بلدیات ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 98 فیصد فزیکل ورک مکمل ہو چکا ہے اور کام حتمی مراحل میں ہے ۔مرادعلی شاہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سائن بورڈ کی تنصیب اور لینڈا سکیپنگ کا کام شروع کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہ بھٹو کے سموں گوٹھ سیگمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ایلیویٹڈ پورشن زیر تعمیر تھا۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ اگلے دو ماہ میں اسے ٹریفک کے لیے کھولا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زیر تعمیر کریم آباد انڈر پاس کا دورہ کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انڈر پاس کو ضلع وسطی میں ٹریفک کے شدید بہائو کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ ایک اہم منصوبہ ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیم کو ہفتہ وار پیشرفت کی رپورٹ براہ راست اپنے دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی قسم کا کوئی عذر نہیں چاہیے ، کام کی رفتار بڑھائیں اور اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کریں ، کراچی پائیدار انفرااسٹرکچر کا حقدار ہے ۔