مورو، باندھی، شہداد پور میں حادثات، چھت گرنے سے 4 اموات

مورو، باندھی، شہداد پور میں حادثات، چھت گرنے سے 4 اموات

قومی شاہراہ پرکوچ کے رکشہ کچلنے سے 2 نوجوان چل بسے ، محراب پور میں لاش ملیگروہی تصادم کا زخمی دم توڑ گیا، سولر پلیٹ ٹھیک کرتے کرنٹ سے نوجوان چل بسا

کنڈیارو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) مورو اور باندھی میں حادثات جبکہ شہداد پور میں چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ، محراب پور میں نومولود کی لاش ملی، جبکہ گروہی تصادم کا زخمی دم توڑ گیا، سولر پلیٹ ٹھیک کرتے کرنٹ لگنے سے نوجوان چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق مورو قومی شاہراہ پر تیز رفتار کوچ کی رکشے کو ٹکرسے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے ، حادثہ طارق پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو مورو تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا اور جاں بحق افراد کی لاشیں سول اسپتال مورو منتقل کی گئیں، جاں بحق نوجوانوں کی شناخت واحد بگھیو اور اسرار بگھیو کے نام سے ہوئی ہے ۔ ادھر باندھی میں مہران ہائی وے پر کرولا کار نے 8 سالہ سعد نامی بچے کو ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق بچے کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے بتایا جاتا ہے ، دوسرا حادثہ غلام محمد جمالی ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر سے دو مرد اور دو خواتین شدید زخمی ہوئے۔ شہدادپور کے کلوئی محلے میں 40 سالہ دانش کلوئی اپنے گھر میں موجود تھا کہ اچانک ٹنکی کی چھت گر جانے سے وہ ملبے کے نیچے دب گیا۔ واقعے کے فوراً بعد پڑوسیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر دانش کلوئی کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔ تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ محراب پور میں نہر سے نومولود کی لاش ملی، جسے مقامی رضا کاروں نے سپرد خاک کردیا۔ دوسری جانب مورو تھانے کی حدود گاؤں مٹھو خان میں ٹوٹو برادری کے درمیان ڈیڑھ ایکڑ اراضی کے تنازع پر گروہی تصادم میں زخمی ہونے والا وکیل ٹوٹو اسپتال میں دم توڑ گیا، ادھر سولر پلیٹ سے کرنٹ لگنے سے نوجوان قمر بھٹی جاں بحق ہوگیا، واقعہ نیو جتوئی تھانے کی حدود میں پرانا جتوئی کے گاؤں حبیب بھٹی میں پیش آیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں