گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کے 2کارندے گرفتار

گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کے 2کارندے گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منگھوپیر پولیس نے 8 رکنی ڈکیت گینگ کے 2 اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او منگھوپیر انسپکٹر زبیر نواز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت قیص خان ولد گل محمد اور فہد ولد محمد اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔۔۔

 ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ ان کا 8 افراد پر مشتمل گروہ مختلف علاقوں میں گھروں اور بنگلوں کے تالے کاٹ کر وارداتیں کرتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان واردات سے قبل ریکی کرتے تھے اور گھر کے مکینوں کے شادی یا دیگر تقریبات میں جانے کے بعد ایک سے دو گھنٹوں کے اندر لوٹ مار کرکے فرار ہو جاتے تھے ۔گرفتار کارندوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گینگ کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد، شاہراہ نور جہاں، پیر آباد، اورنگی ٹاؤن اور منگھوپیر کے علاقوں میں متعدد وارداتیں کیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں جبکہ ان کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ بھی جاری ہے ۔ترجمان ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں