تیز رفتار کار کی اسکوٹی کو ٹکر،خاتون رائیڈرجاں بحق

تیز رفتار کار کی اسکوٹی کو ٹکر،خاتون رائیڈرجاں بحق

حادثہ سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ پر پیش آیا، خواتین پل سے نیچے جاگریں،ایک زخمیجاں بحق و زخمی خواتین کسی کوچنگ سینٹر میں پڑھاتی ہیں،کار ڈرائیورزیرحراست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ اسکوٹی چلانے والی خواتین کو کار نے ٹکر مارکر پل سے نیچے پھینک دیا، ایک خاتون جاں بحق ایک زخمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ کے قریب تیزرفتار کار نے اسکوٹی موٹر سائیکل کو ٹکرماردی جس کے باعث اسکوٹی موٹر سائیکل پر سوار 2 خواتین پل سے نیچے جا گریں۔ پل سے گرنے کے نتیجے میں دونوں خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثے کی اطلاع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد میں جمع ہو گئی،ایک زخمی خاتون کو قریبی اور دوسری خاتون کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، عباسی شہید اسپتال منتقل کی جانے والی خاتون کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت20 سالہ سمرا شیخ دخترحاتم شیخ اورزخمی خاتون کی شناخت 37 سالہ رابعہ نازدختر شاہد علی کے نام سے کی گئی، حادثے میں جاں بحق اورزخمی خاتون بحریہ ٹاون کی رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ٹیچرہیں۔ایس ایچ اوگڈاپ سٹی سرفرازجتوئی نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق وزخمی خاتون اسکوٹی موٹرسائیکل پرسوارتھی اوربحریہ ٹاؤن سے شہرکی جانب جا ری تھی کہ دنبہ گوٹھ کے قریب تیز رفتاری گاڑی نے انہیں ٹکرماردی جس کے باعث اسکوٹی موٹرسائیکل سواردونوں خواتین پل سے نیچے جا گریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق و زخمی خواتین شہرمیں کسی کوچنگ سینٹر یا اورپرائیویٹ تعلیمی ادارے میں پڑھاتی ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئی گاڑی کوتحویل میں لیکرڈرائیورکاشف عزیز کو حراست میں لے لیا اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں