بلدیہ عظمیٰ نے ضلع ملیر میں بڑ ی شاہراہ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی

بلدیہ عظمیٰ نے ضلع ملیر میں بڑ ی شاہراہ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی

گُلشن حدید سے اللہ والی چورنگی تک اہم سڑک کی بحالی کا ٹینڈر جاری ،منصوبے کی تخمینی لاگت 496ملین روپے ،تعمیراتی مدت ایک سال مقرر ،میئر کی متعلقہ محکموں کو بروقت تکمیل کی ہدایت

کراچی (این این آئی)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلع ملیر میں ایک بڑی شاہراہ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا مقصد شہریوں کی آمدورفت میں آسانی، سفر کے وقت میں کمی اور ہزاروں روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے بہتر رابطہ فراہم کرنا ہے ،اس منصوبے میں گُلشنِ حدید سے اللہ والی چورنگی تک اہم سڑک کی بحالی نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے کیونکہ اس کا ٹینڈر باقاعدہ طور پر جاری کردیا گیا ہے ، منصوبے کی تخمینی لاگت 496 ملین روپے ہے ، جس میں سڑک کی مکمل بحالی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، لین مارکنگ اور پائیدار انفراسٹرکچر کی تنصیب شامل ہے ، تعمیراتی مدت ایک سال مقرر کی گئی ہے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس منصوبے کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اسے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر شفافیت، بروقت تکمیل اور معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جاری انفرااسٹرکچر ری کنسٹرکشن مہم کا مقصد کراچی کے شہری منظرنامے میں نمایاں اور معنی خیز بہتری لانا ہے ،میئر کراچی نے کہا کہ ہماری ترجیح کراچی کے شہریوں کو محفوظ، ہموار اور قابلِ اعتماد شاہراہیں فراہم کرنا ہے جو ایک بڑھتے ہوئے شہر کی ضروریات میں شامل ہے ، یہ منصوبہ شہر کے انفراسٹرکچر کی ازسرِنو تعمیر اور اہم رہائشی و صنعتی علاقوں تک بہتر رسائی کی سمت ایک اور قدم ہے ،اس کوریڈور کی بحالی سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی، تجارتی سرگرمیوں میں بہتری اور بہتر سفری سہولت متوقع ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں