غیرقانونی ایل پی جی سلنڈرز کی 18دکانیں سربمہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کے تحت 11 نومبر کو شروع کی گئی غیر محفوظ اور غیر قانونی ایل پی جی کی دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے مختلف ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر شروع کی جانے والی اس مہم کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کر دی ہے ۔
جس کے مطابق 11 نومبر سے 17 نومبر تک کی جانے والی کارروائیوں میں 18 دکانیں سر بمہر کی گئی ہیں جبکہ 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنرز کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق ضلع کورنگی میں اسسٹنٹ کمشنرز نے 11 دکانیں چیک کیں جن میں سے 9 دکانوں کو سیفٹی تقاضوں کے خلاف پایا ۔ ان 9 دکانوں کو سیل کردیا گیا۔کیماڑی ضلع میں 10دکانیں چیک کی گئیں جن میں سے چار دکانیں غیر قانونی پائی گئیں اوران چاروں دکانوں کو سیل کر دیا گیا ۔ضلع ملیر میں 4 دکانیں چیک کی گئیں اورچاروں دکانیں سیل کر دی گئیں ۔یہ دکانیں سب ڈویژن بن قاسم میں اسٹیل ٹاؤن حدید اور ابراہیم حیدری میں قائد آباد ا ور داؤدچورنگی میں قائم تھیں، ایک دکان ضلع جنوبی میں سیل کی گئی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ تمام ایل پی جی کی دکانوں کو چیک کریں۔