سیف سٹی پروجیکٹ شہرمحفوظ بنانے کیلئے بنایا گیا، وزیراعلیٰ
جامع ویڈیو نگرانی کی جا رہی ، کچے کے علاقے میں 71ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے مراد علی شاہ سے اسپیشلائزڈ ڈیلگیٹ کے 47ابتدائی کمانڈ کورس کے شرکا کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کراچی کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی محفوظ شہر میں تبدیل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جس میں جامع ویڈیو نگرانی شامل ہے ۔کچے کے علاقے میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 71 ڈاکووں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ وزیر اعلی نے یہ بات 52 ویں اسپیشلائزڈ ڈیلگیٹ کے 47 ابتدائی کمانڈ کورس کے شرکا سے خطاب کے دوران کہی، جس کی قیادت ڈپٹی کمانڈنٹ (این پی اے ) سرفراز احمد فالکی، پی ایس پی کر رہے تھے ۔ آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، اور سیکرٹری وزیر اعلی رحیم شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مراد علی شاہ نے بتایاکہ 131,850 اہلکار 31 اضلاع، 8 زونز/رینجز اور 618 پولیس اسٹیشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جن کے لیے سالانہ بجٹ 189.7 ارب روپے مختص ہے ۔کارروائیاں مختلف رینجز اور علاقوں کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں، نیز سی ٹی ڈی اور ایس ایس یو جیسے خصوصی یونٹس بھی کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلیگ شپ پروجیکٹ کراچی کو محفوظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی شہر بنانے کے لیے جامع ویڈیو نگرانی اور ڈیٹا تجزیے پر مبنی ہے ۔ اس میں ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے شامل ہیں جن میں فیس ریکگنیشن اور آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن کی سہولت موجود ہے ۔ تمام فوٹیج کو مرکزی پولیس آفس میں کمانڈ، کنٹرول اور کمیونیکیشن سینٹر میں مانیٹر کیا جاتا ہے ۔