نیشنل گیمز کی تیاریاں مکمل ،فیمیلز کی آن لائن رجسٹریشن شروع

نیشنل  گیمز  کی  تیاریاں  مکمل ،فیمیلز  کی  آن  لائن  رجسٹریشن  شروع

خواتین کھلاڑیوں کے لیے 6سے 13دسمبر تک پنک بسز فراہم کی جائیں گی ،ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ فوکل پرسن نامزد محکمہ ثقافت تمام پروگرامز میں مکمل معاونت فراہم کرے گا،وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر،ذوالفقار شاہ کی زیرصدارت اجلاس

کراچی (اے پی پی)صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت سندھ حکومت کی اعلی سطحی کمیٹی کا 35ویں نیشنل گیمز 2025کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر کھیل نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور کراچی میں عالمی معیار کے کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز 6 تا 13 دسمبر کراچی میں منعقد ہوں گے جبکہ افتتاحی تقریب دوپہر 2 بجے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگی اور کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد 12بجے سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔اس موقع پر نیشنل سٹیڈیم اور کے ایم سی سوئمنگ پول کا دورہ بھی کیا اور افتتاحی تقریب کی تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم زاہد حسین عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل گیمز میں 10ہزار سے زائد سرکاری و نجی اسکولز و کالجز کے طلبہ شرکت کریں گے اور اس سلسلے میں ٹاؤن اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کیے جا چکے ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے 6 تا 13 دسمبر تک پنک بسز فراہم کی جائیں گی جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ دیگر صوبوں سے آنے والے کھلاڑیوں اور مہمانوں کے ساتھ ٹریفک پولیس کے فوکل پرسنز تعینات ہوں گے اور رہائش گاہوں سے وینیوز تک بھی ٹریفک پولیس موجود رہے گی۔سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والی فیملیز کی آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے اور سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے ، تمام اداروں کو باہمی رابطہ اور مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے ۔اس موقع پر وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ثقافت نیشنل گیمز کے تمام پروگرامز میں مکمل معاونت فراہم کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیمز کی تیاریوں، سرگرمیوں اور قومی کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی مہم تیز کی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، سیکرٹری تعلیم زاہد حسین عباسی، ڈی جی پی آ رز ڈاکٹر معیز احمد پیرزادہ، حبیب اﷲ میمن، محکمہ ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی سی ایسٹ سمیت مختلف محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں