واٹر بورڈ کمیٹی کے ایم سی کا ہنگامی اجلاس آج طلب

 واٹر بورڈ کمیٹی کے ایم سی کا ہنگامی اجلاس آج طلب

سانحہ نیپاکے ذمہ داران اورآئندہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا،اپوزیشن لیڈر ہر ادارہ اپنی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے ،سیف الدین ایڈووکیٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی کونسل کی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین سیف الدین ایڈووکیٹ نے 5 دسمبر (آج)کو کے ایم سی آفس میں طلب کرلیا ۔اجلاس میں شرکت کیلئے میونسپل کمشنر کے ایم سی، ٹرانس کراچی،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن کو بھی خطوط تحریر کئے گئے ہیں۔اجلاس میں سانحہ نیپاکے ذمہ داران اورآئندہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ اتنا بڑا سانحہ وقوع پذیر ہوا، اس میں کس کی غفلت تھی اور واقعے کے بعد مختلف اداروں نے اپنی ذمہ داری کس قدر پوری کی اس کا تعین ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے ذمہ داری لینے کے بجائے جان چھڑانے کی دوڑ میں لگ گئے ہیں، اس واقعے کے بعد شہر کی لاوارثی کا اندازہ ہوتا ہے ،نا اہل اور کرپٹ ترین افسران مختلف عہدوں پر تعینات ہیں لیکن بااثر شخصیات کی سرپرستی کی وجہ سے کوئی انہیں تبدیل کرنے کیلئے تیار نہیں،ایک دو دن ہم نے انتظار کیا لیکن محسوس یہ ہوا کہ یا تو ہر ادارہ اپنی جان بچانے کی کوشش کررہا ہے یا پھر خانہ پوری کی کارروائی کرتے ہوئے کچھ نچلے درجہ کے افسران کو معطل کیا گیا ہے ۔ استعفیٰ کیلئے شدید دباؤ کے بعد میئر نے ذمہ داری قبول کی اور عوام سے معافی بھی مانگی مگر دوسری جانب کے ایم سی نے سرکاری طور پر اپنے خط میں ذمہ داری دوسرے اداروں پر ڈال دی جو دہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں