ڈاکو کو زندہ جلانے کا واقعہ، آئی جی سمیت اعلیٰ افسران کو نوٹس
ایس ایس پی سے تفصیلی رپورٹ طلب، ایس ایچ او کا مقدمہ درج کرنے سے انکار،درخواست گزار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں اورنگی ٹاؤن میں مبینہ ڈاکو کو زندہ جلانے کے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ویسٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیئے ۔ عدالت نے متعلقہ ایس ایس پی سے پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی جبکہ درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر وکلاء سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے ۔ عدالت نے مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار شاہد حسین ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ یکم دسمبر کو ایک انتہائی غیر انسانی واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے 35 سالہ عبدالحنان کو مبینہ ڈاکو قرار دے کر کھمبے سے باندھ کر آگ لگا دی ۔ درخواست میں کہا گیا کہ مقدمہ درج کرانے کیلئے ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔ درخواست گزار کے مطابق ایس ایچ او نے سنگین دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کارروائی کی تو تمہیں بھی زندہ جلادوں گا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ اعلیٰ حکام کو طلب کرکے واقعے کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔