خصوصی بچوں کے فن پاروں، ووکیشنل کام کی نمائش کا انعقاد

خصوصی بچوں کے فن پاروں، ووکیشنل کام کی نمائش کا انعقاد

بچوں نے اپنی فنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، حاضرین نے بے حد سراہا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹر میں خصوصی بچوں کے فن پاروں، وکیشنل کام کی نمائش اور میوزک ایکٹیوٹیز کا انعقاد کیا گیا، جو ادارے کے پرنسپل جاوید باجوہ کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔نمائش میں خصوصی بچوں کے تخلیق کردہ خوبصورت فن پارے ، سلائی، دستکاری، بیوٹیشن کورس کا عملی کام اور دیگر وکیشنل سرگرمیاں پیش کی گئیں۔ بچوں نے موقع پر بھی اپنی فنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس کے ساتھ بچوں نے میوزک ایکٹیوٹیز بھی پرفارم کیں، جنہیں شرکاء نے خوب پسند کیا اور بھرپور داد دی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے خصوصی بچوں کے بنائے ہوئے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ اس نمائش کا مقصد خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا تھا کہ اگر ان بچوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے ۔تو یہ بچے بھی معاشرے کے لیے مفید اور کامیاب فرد بن سکتے ہیں۔ تقریب میں شریک افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور معاشرے میں ان کے لیے مثبت سوچ کو فروغ دیں گے ۔ پرنسپل جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، اداروں میں اساتذہ اور عملے کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے اور سہولیات میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ خصوصی بچے بہتر مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔ اس موقع پر بچوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں