سندھ حکومت اور کے ایم سی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام، منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کا تباہ حال انفرااسٹرکچر، امن و امان و لاقانونیت، ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی و ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، بلدیاتی نظام میں اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل نہ کرنے اور بڑھتے مسائل نے شہریوں کو مایوس کر دیا ہے۔۔۔
، سندھ حکومت اور کے ایم سی ذہنی و جسمانی اذیت کے شکار عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں اور حالات کی بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کسی طرح بھی حمایت نہیں کی جاسکتی لیکن سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے مجرموں اور ڈاکوؤں کو قانون کی گرفت میں لانے ، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری نہ کرنے کی وجہ سے ہی قانون کو ہاتھ میں لے کر ڈاکوؤں کو خود پکڑ کر جلانے کے واقعات سامنے آرہے ہیں، شہر کی صورتحال یہ ہے کہ ایک طرف عوام چوروں اور مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ اورقتل ہو رہے ہیں تو دوسری جانب خونی ڈمپر اور ٹینکروں کا نشانہ بن رہے ہیں، کشمیر روڈ پر ایک ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی اور وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔