بلڑی کریم: 45 سالہ شخص پراسرار ہلاک، موٹر سائیکل سے لاش ملی
کھورواہ روڈپر واقعہ، لوگوں نے لاش دیکھ کرپولیس کو اطلاع دی، تفتیش شروعمیرپور خاص کی جمڑاؤ کینال میں ڈوبنے والے بچے کی لاش تیسرے روز بھی نہ ملی
بلڑی شاہ کریم، میرپور خاص (نمائندہ دنیا، بیورو رپورٹ)بلڑی شاہ کریم میں 45 سالہ شخص پراسرار ہلاک ہوگیا، جس کی لاش موٹر سائیکل پرسے ملی ہے ، ادھر میر پور خاص کی نہر میں ڈوبنے والے بچے کی لاش تیسرے روز بھی نہ مل سکی۔ تفصیلات کے مطابق بلڑی شاہ کریم میں پراسرار واقعے میں 45 سالہ امیر بخش ولد حاجی عمر شورو پراسرار طور پرانتقال کرگیا، واقعہ بلڑی شاخ کے قریب کھورواہ روڈ پر پیش آیا، جہاں گزرنے والے لوگوں نے لاش کی اطلاع دی، اور مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ ابتدائی شواہد کے مطابق امیر بخش شورو کسی معمولی حادثے کا شکار ہوا تھا، زخمی حالت میں شہر جانے کے لیے اپنی موٹر سائیکل پر سفر جاری رکھا، مگر راستے میں وہ ہوش کھو بیٹھا اور اسی حالت میں اس کی موت واقع ہو گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے وقت متوفی کے ساتھ دو مزید افراد بھی موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ ان کے مطابق حادثہ ہوتے ہی وہ دونوں افراد امیر بخش کو موٹر سائیکل پر چھوڑ کر ایک گزرتی ہوئی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے غائب ہو گئے ۔ تاہم پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی۔ ادھر میرپورخاص کی جمڑاو کینال میں ڈوبنے والے 12 سالہ انس قریشی کی لاش تیسرے روز بھی نہیں مل سکی، ریسکیو 1122 ٹیم کی جانب سے بوٹ کے ذریعے دن کے اوقات میں تلاش کا عمل جاری رکھا۔