ثقافتی ورثے کی حفاظت مشترکہ ذمہ داری،آئی جی
امن، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی صوبے کا اصل جمال ہے ،غلام نبی میمنسندھ پولیس اپنے ثقافتی اقدار کے احترام پر فخر کرتی ہے ،یوم ثقافت پرپیغام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے ثقافتی دن پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اہلِ سندھ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی ثقافت ہماری پہچان اور ہماری شان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی صوبے کا اصل جمال ہے جبکہ سندھی اجرک اور ٹوپی محبت اور رواداری کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثے کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ سندھ کی دھرتی محبت، ادب اور امن کا پیغام دیتی ہے اور آج کا دن صدیوں پرانے ورثے کی تجدید کا دن ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ پولیس اپنے ثقافتی اقدار کے احترام پر فخر کرتی ہے اور امن کے قیام کے ساتھ ثقافت کی ترویج بھی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے ۔غلام نبی میمن نے کہا کہ سندھ کلچر ڈے قوم کی تہذیبی تاریخ کا حسین جشن ہے ، جبکہ سندھ دھرتی کا امن سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ آئی جی سندھ کے مطابق روایتی اور ثقافتی عیدیں جوانوں کی انتھک محنت اور عوام کی محبت کا ثمر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس ہمیشہ اس دھرتی کی حفاظت اور امن و امان کی ضامن رہے گی، جبکہ اس کے بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں ریاست کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گی۔سندھ پولیس اپنے عوام اور سرزمین کی حفاظت اور خدمت کے مقدس فریضے کو ہمیشہ مقدم سمجھے گی۔