ٹنڈو آدم:ساڑھے 29 لاکھ کی جعلی کرنسی سمیت کارندہ گرفتار

ٹنڈو آدم:ساڑھے 29 لاکھ کی جعلی کرنسی سمیت کارندہ گرفتار

عبدالمجید بلوچستان کا رہائشی، بین الصوبائی گینگ سے تعلق، 2 ساتھی فرار ہوگئےملزم کوریئر کے ذریعے نوٹ وصول کرکے مارکیٹ میں پھیلاتا تھا، ڈی ایس پی

ٹنڈو آدم (نمائندہ دنیا)ٹنڈوآدم پولیس نے ساڑھے 29 لاکھ کے جعلی کرنسی نوٹ سمیت بین الصوبائی گینگ کا کارندہ گرفتار کرلیا، اس سلسلے میں ڈی ایس پی مختار میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سٹی پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔ اس دوران حیدرآباد روڈ شاہنواز چوک کے قریب پولیس نے ایک کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم کو گرفتار کیا، جو کوریئر سروس کے ذریعے جعلی کرنسی وصول کر کے اپنے ساتھیوں تک پہنچانے اور بعد ازاں مختلف مارکیٹوں میں اسے گردش میں لانے میں ملوث تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت بلوچستان کے علاقے جھٹ پٹ کے رہائشی عبدالمجید ولد تریل خان مگسی کے طور پر ہوئی، جس کے قبضے سے بڑی مقدار میں جعلی نوٹ برآمد کیے گئے ۔ گرفتاری کے دوران ملزم کے دو ساتھی مزاحمت کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ ڈی ایس پی مختار میمن نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے لاک اپ میں بند کر دیا گیا ہے ، جبکہ مزید تفتیش کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور دیگر ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک ہے ، جو ملک کے مختلف علاقوں میں جعلی کرنسی کا کاروبار کر رہا ہے ، گرفتار ملزم ماضی میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں