ضلع شرقی کے اسکول میں صفائی اور ماحولیاتی آگاہی مہم

ضلع شرقی کے اسکول میں صفائی اور ماحولیاتی آگاہی مہم

بچوں کی بھرپور شرکت،صفائی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے پینٹنگ وشجرکاریچھوٹے عمل بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں ،ڈپٹی ڈائریکٹر نوید لغاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی ہدایت پرضلع شرقی کے اسکول مانک گورنمنٹ بوائز، گرلزسیکنڈری اسکول میں بچوں کو صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس سلسلے میں بچوں، اساتذہ اور ایس ایس ڈبلیوایم بی کے ملازمین نے آگاہی واک کی جس میں انہوں نے صفائی ستھرائی سے متعلق بینرز اور پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے بعدازاں اسکول میں بچوں نے پینٹنگ کی اور پودے لگائے ۔ اس موقع پرمیڈیا کنسلٹنٹ اظہراحمد نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں ماحول کے تحفظ اورہماری ذمہ داری کے بارے میں جاننے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ،آج ہم عہد کریں گے کہ ہم ہر روز ایسے کام سر انجام دیں گے جو ماحول کیلئے اچھے ہوں گے ، آج کے دن آپ کے جوش و خروش اور فعال شرکت نے اس تقریب کو واقعی خاص بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد کچرے کو ذمہ داری سے مقررہ جگہ پر رکھنے اور ہمارا کچرا ہماری ذمہ داری میں ہمارا کردار سمجھنے کی آگاہی کے سلسلے میں ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع شرقی نوید لغاری نے کہا کہ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے اسکول کی انتظامیہ کا تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے ماحول کی بہتری کیلئے اپنا حصہ ڈالا اور اس پروگرام کو بہت محنت اور خوش اسلوبی سے منعقد کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے عمل بڑی بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں