توہین قرآن ومقدسات کے مجرم انجام تک پہنچائے جائیں، تنظیم اسلامی
شواہد موجود، اسلام کیخلاف نفرت کا اظہار اب ویب سائٹس پرہو رہا، شجاع الدینشیطانی عمل میں بعض خبث باطنی کے حامل مسلمان بھی شامل ہو چکے ہیں، بیان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سوشل میڈیا پربدترین توہینِ رسالت و مقدسات کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچا کر مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف نفرت کا اظہار جو پہلے تشدد کے ذریعے یا تحریری طور پر ہوتا تھا،اب سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر ہورہا ہے ۔کچھ لوگ مسلمانوں کے نام پرجعلی اکاونٹس بنا کر بدترین توہینِ مذہب اور اہانتِ رسول ﷺ پر مشتمل مواد شیئر کر رہے ہیں، جو مسلمانوں کے لیے یقیناً اتنا ہی تکلیف دہ ہے ، جتنا فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکے یا ملعون سلمان رشدی اور ملعونہ تسلیمہ نسرین کی کتابیں تھیں۔ا نھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اِس شیطانی عمل میں بعض خبث باطنی کے حامل مسلمان بھی شامل ہو چکے ہیں۔ مملکتِ خداداد پاکستان نے بھی یہ دن دیکھنا تھا کہ سوشل میڈیا پر انتہائی نازیبا انداز میں اسلام کے مقدسات کی توہین کا طوفان کھڑا کر دیا گیا ہے ۔ اِس شیطانی عمل کی ہمارے ملک کے سیکولر، لبرل اور ملحد و دین بیزار طبقات کھل کر پشت پناہی کر رہے ہیں۔