لنڈا فیکٹری کے گودام میں آتشزدگی،لاکھوں کانقصان
ٹریفک جام کے باعث بعض فائر گاڑیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا ،جانی نقصان نہیں ہوا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع لنڈا فیکٹری کے گودام میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس پر فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ بجھانے کے لیے 15 سے زائد فائر ٹینڈرز اور دو اسنارکلز نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ٹریفک جام کے باعث بعض فائر گاڑیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے ترجمان ملک عبدالعزیز کے مطابق زون میں بیک وقت چار فائر ٹینڈرز موجود ہوتے ہیں، تاہم رواں سال بدقسمتی سے متعدد بڑے آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دو سو سے زائد فیکٹریوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں گے ، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں فیکٹری مالکان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے ۔چیف فائر افسر کراچی ہمایوں خان نے کہا کہ ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے مؤثر منصوبہ بندی ناگزیر ہے ۔ ان کے مطابق اکثر فیکٹری مالکان تعاون نہیں کرتے اور ایس او پیز بننے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں ہو پاتا، جس کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوتا ہے ۔واقعے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ آتشزدگی کے نتیجے میں گودام میں رکھا لاکھوں روپے مالیت کا لنڈے کا کپڑا و دیگر سامان جل کی خاکستر ہو گیا ۔