ڈائریکٹر وفاقی انشورنس محتسب کا سکھر چیمبر کادورہ، مسائل سنے
انشورنس پالیسیز، کلیمز میں کوئی مسئلہ ہوتو براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں، مبشر نعیم
سکھر(بیورو رپورٹ)وفاقی انشورنس محتسب سیکریٹریٹ کے ڈائریکٹر جنرل مبشر نعیم صدیقی کا سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ تفصیلات کے مطابق وفاقی انشورنس محتسب سیکریٹریٹ کے ڈائریکٹر جنرل مبشر نعیم صدیقی نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اُن کی ملاقات سکھر چیمبر کے صدر محمد خالد کاکیزئی، بینکنگ اینڈ فنانس کمیٹی کے کنوینر عبدالمجید قریشی، سابق نائب صدر محمد فیصل مغل اور سیکریٹری جنرل محمد نعمان آرائیں سے ہوئی۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل مبشر نعیم صدیقی نے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کیا کہ اگر انہیں انشورنس پالیسیز، کلیمز یا کسی بھی متعلقہ معاملے میں مشکلات یا شکایات کا سامنا ہو تو وہ سکھر میں قائم وفاقی انشورنس محتسب کے دفتر سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی انشورنس محتسب سیکریٹریٹ بزنس کمیونٹی کو شکایات کے تیز رفتار، شفاف اور بلا معاوضہ ازالے کی سہولت فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وفاقی انشورنس محتسب سیکریٹریٹ کے مابین مؤثر رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چیمبر میں ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک کے قیام کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ اراکینِ چیمبر کو انشورنس سے متعلق مسائل کے حل میں فوری معاونت فراہم کی جا سکے ۔اس موقع پر چیمبر کے عہدیداران نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ایک آگاہی سیشن بھی منعقد کیا جائے افادیت سے مکمل آگاہی مل سکے۔