کامران ٹیسوری سے سعودی گورنر پرنس فہدکی ایئرپورٹ پر ملاقات
دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر، پرنس فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے کراچی آمد پر ایئرپورٹ پر ملاقات کی اورپاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی، قونصل جنرل، ملٹری اتاشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبہ تبوک کے گورنر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ، جو خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے معاون ثابت ہوں گے ۔بعد ازاں کامران خان ٹیسوری نے سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر کو ایئرپورٹ پر ہی پرتپاک انداز میں الوداع کیا۔