خدمت کے بجائے سیاست کرپشن، مفاد میں الجھ گئی، اسد اللہ بھٹو
بہتری کی امید نہیں، سرزمین سندھ کا تشخص تباہ کیا جارہا ، جماعت اسلامی رہنماحکمرانوں نے حکومت، جمہوریت کوہاتھ کی چھڑی، جیب کی گھڑی بنا دیا ، گفتگو
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی کے سینئر رہنما و سابق ایم این اے مولانا اسد اﷲ بھٹو نے کہا ہے کہ آج کی سیاست قوم و ملک کی خدمت کے بجائے کرپشن، انا اور مفاد پرستی میں الجھی ہوئی ہے جس سے بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے ، حکمرانوں نے حکومت اور جمہوریت کو ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنا دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جئے سندھ محاذ(جسم) کے چیئرمین ریاض چانڈیو سے ملاقات اور ان کی والدہ کی وفات پرتعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ اسداﷲ بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ بدامنی، کرپشن، ڈاکوراج اور قبائلی جھگڑوں کے ذریعے امن، محبت، مہمان نوازی اور بھائی چارے کی پہچان رکھنے والی سرزمین سندھ کے تشخص کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
جو کہ سندھ اور اس کے عوام کے خلاف بہت بڑی سازش ہے ، عوام کو فرسودہ نظام اور اس کے آلہ کاروں کے خلاف نکل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں طویل عرصے سے اور گزشتہ 17 سال سے برسراقتدار ہے لیکن سندھ کے حالات میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، سڑکوں اور شہروں کی ترقی سے لے کر امن و امان کی بحالی تک کارکردگی کو تسلی بخش نہیں کہا جا سکتا۔