تولیہ فیکٹری اور گودام میں آتشزدگی،عمارت متاثر
چار گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،کولنگ کا عمل مکمل،جانی نقصان نہیں ہوا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف بی انڈسڑیل ایریا بلاک اکیس میں تولیہ کی فیکٹری اور گودام میں لگنے والی آگ پر چار گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد قابو پالیا گیا ، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بی ایریا صنعتی ایریا میں فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع صبح پانچ بجے موصول ہوئی ، آگ کی اطلاع پر ابتدائی طور پر دو گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم آگ کی شدت میں اضافے کے سبب فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں ، تین واٹر باؤزر اور متعدد واٹر ٹینکر نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا بتانا ہے کہ آگ عمارت کی پہلی منزل پر قائم گودام میں لگی تھی ، پہلی منزل پر تولیہ اور دھاگے کی بڑی مقدار اسٹور کی گئی تھی ، آگ لگنے سے عمارت کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ، فائر بریگیڈ حکام کا بتانا ہے کہ چار گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کے عمل مکمل کر لیا گیا۔