پتنگ، ترازو ، بلا نہیں صرف بلاول کام کر رہا ہے ،میئر

پتنگ، ترازو ، بلا نہیں صرف بلاول کام کر رہا ہے ،میئر

شہری ترقی کے لیے جدید، پائیدار اور معیاری انفرااسٹرکچر ناگزیر ، مرتضیٰ وہابضلع غربی میں 182 ملین روپے سے زائد لاگت کے سڑک بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد

کراچی (دنیا نیوز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی والوں سے ترقیاتی کاموں کا وعدہ کیا تھا، پتنگ، ترازو اور بلا نہیں صرف بلاول کام کر رہا ہے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلعِ غربی میں 182 ملین روپے سے زائد لاگت کے سڑک بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کا بابِ خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی کی سڑک کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ اہم اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ بابِ خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی کی 15.4 میٹر چوڑی اور 1378 میٹر طویل سڑک پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، سڑک پر اسفالٹ اور ایگریگیٹ بیس کورس کی تعمیربھی کی جا رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے ڈرین سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے ، کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور بحالی عالمی معیار کے مطابق کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے پسماندہ اور نظرانداز علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ، شہری ترقی کے لیے جدید، پائیدار اور معیاری انفرااسٹرکچر ناگزیر ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی فلاح کے منصوبے بلا تفریق اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے ہر ٹاؤن میں ترقیاتی کام یکساں رفتار اور شفاف انداز میں جاری ہیں، عوام سے کیے گئے تمام وعدے عملی اقدامات اور زمینی حقائق کی صورت میں پورے کیے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں