پڈعیدن:مال بردار ٹرین کپلنگ ٹوٹنے سے 2حصوں میں تقسیم
ایک حصہ پھاٹک پرموجود، دوسرا اسٹیشن پہنچ گیا،پھاٹک بندش سے ٹریفک جامٹرین لاہور سے کراچی جا رہی تھی، ایک گھنٹہ کھڑی رہی، مرمت کے بعد روانہ
پڈعیدن(نمائندہ دنیا)ٹرینوں کے کپلنگ ٹوٹنے کے واقعات بڑھنے لگے ، لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار ٹرین کپلنگ ٹوٹ جانے کے باعث دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ ایک حصہ ریلوے پھاٹک پر موجود جبکہ دوسرا اسٹیشن پر پہنچ گیا، پھاٹک بند ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار ٹرین زیڈ بی کے سی پڈعیدن ریلوے پھاٹک پر کپلنگ راڈ ٹوٹ جانے کے باعث دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، آدھا حصہ پڈعیدن ریلوے پھاٹک پر رہ گیا، جبکہ آدھا حصہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گیا، تاہم اے ایس ایم شفیق آریجو نے فوری طور پر ٹرین کو رکواکر پیچھے کرایا، جس کے باعث ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا، لاہور سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کو بھریاروڈ اسٹیشن پر روک دیا گیا، تاہم ریسکیو عملہ طلب کرکے ایک گھنٹے کے بعد مرمتی کام کر کے ٹرین کو کراچی کے لئے روانہ کیا گیا، جبکہ مسلسل پھاٹک بند رہنے سے پھاٹک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔