نواز شریف سٹیڈیم ڈسکہ میں ونٹر فلاور فیملی فیسٹیول کا انعقاد
ڈسکہ(نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وپژن کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈسکہ کے زیرِ اہتمام نواز شریف سٹیڈیم میں ونٹر فلاور فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، فیسٹیول میں رنگ برنگے اور خوشبودار پھولوں کی دیدہ زیب نمائش سجائی گئی جس نے حاضرین کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھا،فیسٹیول کی خاص بات قوالی نائٹ اور دیگر رنگا رنگ تفریحی سرگرمیاں تھیں جن سے فیملیز نے خوب لطف اندوز ہو کر خوشگوار لمحات گزارے ۔
بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی تفریحی انتظامات بھی کیے گئے تھے ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق تھے اس موقع پر ایم پی اے نوید اشرف،اے ڈی سی آر،اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر ، سٹی صدر مسلم لیگ ن افضل منشا ودیگر معززین بھی موجود تھے ۔ میاں ذیشان رفیق نے فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافت اور قدرتی حسن کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے میونسپل کارپوریشن ڈسکہ کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی ۔