حیدر آباد:واٹر کارپوریشن ملازمین کو ماہ اکتوبر کی تنخواہ جاری
پینڈنگ تنخواہوں کیلئے حکومت سندھ سے رابطہ کیا جارہا ہے ، انتظامی افسرجلد ادائیگی یقینی بنائینگے ، ملازمین کے مسائل حل کیلئے کوشاں ہیں، نعیم شورو
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)چیف ایگزیکٹو آفیسرحیدرآبادواٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن طفیل احمد ابڑو کی ہدایت پر چیف ہیومن ریسورس مینجمنٹ آفیسرمحمد نعیم شورو نے ملازمین کی ماہ اکتوبر 2025کی تنخواہ جاری کردی ہے ،جبکہ پینڈنگ تنخواہوں کے لئے حکومت سندھ سے رابطہ کیا جارہا ہے ۔بہت جلد باقی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ میڈیا سیل حیدرآباد واٹر اینڈسیوریج کارپو ریشن کے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق حیدرآبادواٹر کارپوریشن کی موجودہ انتظامیہ ملازمین کی حقیقی مسائل کے فوری اور دیر پا حل کے لئے ہمہ وقت گو شاں ہے ۔اس حوالہ سے سی ای او طفیل احمد ابڑونے کہا ہے کہ ہماری ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے نا صرف فراہمی ونکاسی آب کے نظام میں مثبت تبدیلیوں کے ذریعہ اسے موثر بنایا بلکہ غیر ضروری اخراجات پر قابو پا کر ادارہ کو بھی مالی استحکام کی جانب گامزن کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ انتظامیہ کی مخلصانہ کو ششوں کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوچکے ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملازمین کو باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ تنخواہ اور پنشن جاری کی جائے ۔جبکہ گزشتہ انتظامیہ کی بد انتظامی اور نااہلی سے ان کے وقت میں ادانہ کی جانے والی( پینڈنگ) تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے حکومت سندھ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔