عوامی مسائل کے حل کیلئے خصوصی سکواڈز تشکیل

 عوامی مسائل کے حل کیلئے خصوصی سکواڈز تشکیل

ستھرا پنجاب پروگرام کی نگرانی، آوارہ کتوں ، کھلے مین ہولز کی نشاندہی، ہسپتالوں اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں گے ،وزیراعلیٰ فیلڈ انیشیٹوز پر عملدرآمد کو مانیٹر کریں گے سکواڈز کو بائیکس، یونیفارم، جیکٹس اور دیگر سامان فراہم ،ڈیوٹی روسٹر بھی جاری،سوشل میڈیا پر شکایات کی نگرانی کے لئے واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے :کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا سمیت چاروں اضلاع میں حکومت پنجاب کے عوامی ریلیف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بنیادی انیشیٹوز پر فیلڈ لیول مانیٹرنگ کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر خصوصی سکواڈز تشکیل دیدیئے گئے ،اس حوالے سے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت پنجاب کے عوامی ریلیف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بنیادی انیشیٹوز پر فیلڈ لیول مانیٹرنگ کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر خصوصی سکواڈز کی تشکیل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام اضلاع اور تحصیلوں میں خصوصی مانیٹرنگ سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں جو موٹر بائیکس پر متحرک انداز میں شہروں، بازاروں اور دیہات میں دن بھر گشت کریں گے ۔ ان سکواڈز کو مکمل یونیفارم، جیکٹس اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا ہے جبکہ باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

یہ سکواڈز ستھرا پنجاب پروگرام کی سرگرمیوں کی نگرانی، آوارہ کتوں کی نشاندہی، کھلے مین ہولز کی رپورٹنگ، ہسپتالوں اور دیگر عوامی سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لینے سمیت وزیراعلیٰ پنجاب کے دیگر فیلڈ انیشیٹوز پر عملدرآمد کو مانیٹر کریں گے ۔ کسی بھی مسئلے کی نشاندہی پر متعلقہ محکمے کو فوری رپورٹ کر کے بروقت کارروائی اور مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر آنے والی شکایات کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے تاکہ عوامی مسائل فوری طور پر متعلقہ فورمز تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز اپنے فوکل پرسن نامزد کریں جو شکایات کے ازالے اور بین المحکماتی کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی ہنگامی یا پیچیدہ مسئلے کی صورت میں کمشنر آفس سے براہ راست رابطہ کیا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں