گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال میں بدنظمی نظر نہ آئے ،شوکت علی
ہسپتال کا دورہ کیا،مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے ویٹنگ ایریا کی توسیع، اضافی بینچز کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہسپتال میں کسی بھی جگہ بدنظمی نظر نہیں آنی چاہیے ۔ کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کو حال ہی میں ری ویمپ کیا گیا ہے ۔کمشنر حافظ شوکت علی نے او پی ڈی رجسٹریشن کاؤنٹر، الٹراساؤنڈ یونٹ، لیبارٹری، فارمیسی میں ادویات کی دستیابی، نرسری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کا ڈیوٹی روسٹر بھی چیک کیا اور طبی ویسٹ کو محفوظ اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کرنے کے انتظامات کے بارے آگاہی لی۔
کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو انتظار میں غیر ضروری پریشانی نہیں ہونی چاہیے ، ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور صفائی و سینی ٹیشن کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو باعزت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشفہ بھلی نے ہسپتال کے انتظامی اور طبی امور پر بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل بھی دورے کے دوران موجود تھیں۔