وزیراعظم سرد موسم میں گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس لیں، سینیٹر وقار مہدی
کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ گیس کی بندش، لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر کی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے سخت سردی کے موسم میں گیس کی عدم فراہمی کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اپنے جاری کردہ بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ چاہے گرمی ہو یا سردی کا موسم کراچی کے شہری مسلسل گیس کی بندش، لو پریشر اور لوڈشیڈنگ کے باعث اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن کمپنی شہریوں گیس کی نارمل فراہمی میں ناکام ہوگئی ہے ، جبکہ گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ کے باوجود گیس کے بل ہزاروں میں جاری کئے جارہے ہیں۔ سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کراچی میں گیس کی بندش کا فوری نوٹس لیں، اور عوام کو اذیت پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔