ساحلِ سمندر کی صفائی، آگاہی اور پلاسٹک فری مہم
ایس ایس ڈبلیوایم بی اور بلونیٹ کے نمائندگان کے علاوہ شہریوں کی شرکت کچرا اور تھیلیاں آلودگی پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں،ایم ڈی سالڈ ویسٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی ہدایت پر ایس ایس ڈبلیو ایم بی اور بلو نیٹ کے باہمی تعاون سے ساحلِ سمندر کی صفائی، آگاہی اور پلاسٹک فری مہم کا انعقاد کیا گیا۔مہم میں ایس ایس ڈبلیوایم بی اور بلونیٹ کے نمائندگان کے علاوہ شہریوں نے شرکت کی۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے ، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے ہر شہری پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور اسے احسن طریقے سے ادا کرے ۔ ساحلوں کا تحفظ اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے کمیونٹیز کا یکجا ہونا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے ۔اس موقع پر بلو نیٹ کی سی ای او ڈاکٹر نزہت نے کہا کہ اگر تمام ادارے اور شہری اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو شہر کو صاف رکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کچرا صرف کچرے دان میں ڈالیں اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں، کیونکہ کچرا اور پلاسٹک کی تھیلیاں ندی نالوں کوچوک کرنے اور ساحلوں پر آلودگی پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔مہم کے دوران تمام شرکاء نے ساحلِ سمندر سے کچرا جمع کر کے تھیلیوں میں بند کیا، جسے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے نے محفوظ طریقے سے مقررہ مقامات تک منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی۔