صفورا ٹاؤن میں گرین بیلٹس کی بہتری کے اقدامات جاری
گرین بیلٹس کے ساتھ خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کر رہے ہیں ،راشدخاصخیلیمتعلقہ اداروں کے تعاون کے بغیر سڑکوں کی تعمیر مشکل ہورہی ہے ،ٹاؤن چیئرمین
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی کی ہدایت پر مختلف گرین بیلٹس کی بہتری اور انہیں خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں ،گرین بیلٹس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدگی سے پانی کی فراہمی کیلئے ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر امداد سولنگی اور ڈائریکٹر پارکس غوث بخش کی نگرانی میں امور کی انجام دہی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔چیئرمین صفورا ٹاؤن نے کہا کہ مدراس چوک سے سچل تک موجود گرین بیلٹ کو خوبصورت بنایا جارہا ہے اسی طرح دیگر گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کا کام بھی کیا جارہا ہے ،گرین بیلٹس پر پانی کی سپلائی کا کام واٹر ٹینکر کی مدد سے جاری ہے لیکن باقاعدگی سے پانی کی سپلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے مدراس گرین بیلٹ کو پانی کی متواتر فراہمی کیلئے کام کئے جارہے ہیں ،صفورا ٹاؤن کو خوبصورت بنانے کیلئے گرین بیلٹس کے ساتھ خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کر رہے ہیں حال میں ہی ٹاؤن نے ماڈل سڑک تعمیر کی ہے جس سے لوگ بھرپور طریقے سے مستفید ہو رہے ہیں اور ٹاؤن کی اس کاوش کو سراہا جارہا ہے ۔اسی طرح مرحلہ وار ٹاؤن کی سڑکوں کی حالت کو بہتر کرنے کیلئے مزید اقدامات کریں گے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے ازحد ضروری ہے کہ جو سڑک تعمیر ہونے جارہی ہے اس سڑک پر پانی وسیوریج سمیت دیگر زیر زمین کام کیلئے اقدامات کئے جائیں جس کیلئے متعلقہ اداروں کے تعاون کے بغیر سڑکوں کی تعمیر مشکل ہورہی ہے ۔