پولیس افسران کی رشوت خوری کیخلاف درخواست دائر

پولیس افسران کی رشوت خوری کیخلاف درخواست دائر

آئی جی، ایس ایس پی وسطی اور تھانہ حیدری و گلبرگ کے ایس ایچ اوز فریق افسران نے کچے کا ڈاکو ظاہر کرکے مقدمات میں فٹ کرنے کی دھمکی دی،شہری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس افسران کی جانب سے دھمکیاں دے کر لاکھوں روپے رشوت وصول کرنے کے خلاف متاثرہ شہری محمد ناصر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں سب انسپکٹر اللہ رکھا اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر جمیل الدین کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ آئی جی سندھ، ایس ایس پی وسطی اور تھانہ حیدری و گلبرگ کے ایس ایچ اوز کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناصر کا اسکے بھائی ارشد اور دیگر افراد کے ساتھ کریم آباد میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد ارشد و دیگر نے درخواست گزار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

جب درخواست گزار نے پولیس حکام کو شکایت دی تو پولیس نے ملزمان کے بجائے درخواست گزار کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کر دیا۔ درخواست میں مزید بتایا گیا کہ پولیس افسران نے دھمکیاں دیں کہ وہ درخواست گزار کو کچے کا ڈاکو ظاہر کرکے مقدمات میں فٹ کر دیں گے ۔ پولیس افسران نے درخواست گزار سے 10 لاکھ روپے اور آئی فون موبائل بطور رشوت وصول کی، جبکہ بعد میں مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔درخواست گزار نے اعلیٰ پولیس حکام کے سامنے شکایت کی، جس پر اللہ رکھا کو ملازمت سے برطرف اور جمیل الدین کی تنزلی کی گئی، تاہم اب تک پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس افسران کے خلاف فوری مقدمہ اندراج کا حکم دیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں