سالڈ ویسٹ اور واٹر کارپوریشن کی کارکردگی زوال پذیر،منعم ظفر

 سالڈ ویسٹ اور واٹر کارپوریشن کی کارکردگی زوال پذیر،منعم ظفر

22سال میں کے فور منصوبہ مکمل نہ ہونا سندھ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہےنیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب

کراچی(این این آئی)نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیو کراچی ٹاؤن کی مجموعی ترقی، بلدیاتی کارکردگی اور کراچی کو درپیش مسائل پر اظہارِ خیال کیا گیا۔تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، میونسپل کمشنر منور حسین ملاح، ٹاؤن افسران، یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ کراچی جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اسکولوں، پارکس، سڑکوں، نالوں اور دیگر ترقیاتی کام کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ نیت اور دیانت ہو تو ہر کام ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کارکردگی مسلسل زوال کا شکار ہے ، جس کے باعث کراچی کے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔

22 سال گزرنے کے باوجود کے فور منصوبہ مکمل نہ ہونا سندھ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا پیسہ کراچی پر خرچ نہیں کیا جا رہا، شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، جبکہ جماعت اسلامی کے زیرِانتظام ٹاؤنز میں محدود اختیارات کے باوجود ترقیاتی کام نمایاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر ان کا حق لے کر رہے گی۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ٹاؤن کی ہر یونین کونسل اور ہر محلے میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ابتدا میں 600 گلیوں کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تاہم زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ایک ہزار گلیوں تک وسعت دی گئی، جس کا آج باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جلد 25 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی کارپٹنگ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں