گندگی ، خراب سیوریج سسٹم : شہری مختلف امراض کا شکار ہونے لگے
مختلف علاقوں میں ملیریا کے ساتھ ڈینگی کیسز بھی بڑھنے لگے ، حکومت وشہری ادارے موثر حکمت عملی بنانے میں ناکام ، مچھر مار اسپرے مہم بھی شروع نہ کی جاسکیاہم شاہراہوں پر مٹی کے ڈھیر جمع، مچھر اور مکھیوں کی بھرمار،بڑی تعداد میں شہری نزلہ ، کھانسی،بخارکی شکایت کے ساتھ اسپتالوں میں آ رہے ، احتیاط کریں، ماہرین صحت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) صفائی کے ناقص انتظامات اور شہر میں گندگی اور سیوریج سسٹم خراب ہوجانے کے باعث شہریوں میں مختلف امراض جنم لینے لگے ، شہر کے پوش علاقوں کے علاوہ کچی آبادیوں، پسماندہ و مضافاتی علاقوں میں ملیریا کے ساتھ ڈینگی کیسز بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ،حکومت اور شہری ادارے بھی کوئی موثر حکمت عملی طے کرنے میں ناکام ہیں، مچھر مار اسپرے مہم تاحال شروع نہیں کی گئی۔شہر کے اکثر علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں، اہم شاہراہوں پر مٹی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی کے باعث دھول اور مٹی اڑنے سے شہری نزلہ، زکام ،کھانسی ،ہلکے بخار کا شکار ہورہے ہیں ۔ متاثرہ افراد میں سانس کی بیماری، دمہ، دھول مٹی سے الرجی اور کم قوت مدافعت والے بچے ،نوجوان اور بزر گ شامل ہیں۔
شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگنے کے باعث مچھر اور مکھیوں کی بھرمار ہوچکی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کی ابتر صورتحال کے باعث انسانی صحت پر بھی اثر ہورہا ہے ، کم قوت مدافعت کے حامل افراد زیادہ جلدی متاثر ہورہے ہیں ، بالخصوص بچے اور معمر افراد مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔شہریوں کی بڑی تعداد نزلہ ، زکام ،کھانسی،، چھینکیں آنے ، گلے میں درد وخراش، جسم میں درد اور ہلکے بخارکی شکایت کے ساتھ اسپتالوں میں آ رہی ہے ۔ ماہرین نے مزید کہا کہ کراچی سمندر کے قریب ہے اور یہاں دھول مٹی بہت زیادہ ہوتی ہے ، ترقیاتی کاموں کے باعث دھول مٹی زیادہ ہوگئی ہے ، کراچی کے لوگوں کی قوت مدافعت کم ہے۔
ان پر بیکٹیریاز اور مختلف وائرس زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ا کثر شہری بے احتیاطی سے کام لیتے ہیں، شہر میں ماحولیاتی آلودگی بھی بہت زیادہ ہے ، اس لئے منہ کو ڈھانپ کر رکھا جائے ۔ ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی کے باعث شہری اکثر بے احتیاطی کرتے ہیں جس کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں ، اگر معمولی الرجی یا کھانسی ہو، چھینکیں آنا شروع ہوجائیں تو کچھ لوگ فوراً اینٹی بائیوٹک لینا شروع کردیتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ بالکل توجہ نہیں دیتے کہ یہ ازخود ٹھیک ہو جائے گا، یہ دونوں رویے غلط ہیں،مریضوں کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ شہری صاف ستھرا کھانا، دال ، سبزیاں ، پھل کھائیں،بازاری مشروبات استعمال نہ کئے جائیں ، جب بھی موسم تبدیل ہو شہری احتیاط اختیار کریں۔